معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دار الحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرمائی دارالحکومت جموں میں 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ سرینگر میں 14 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا اور جس سے سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
نئے جموں و کشمیر کی تعمیر شروع: منوج سنہا
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر اونتی پورہ میں درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ، بانڈی پورہ میں منفی 0.4، سوپور میں منفی 0.7، شوپیاں میں منفی 6.3، پلوامہ میں منفی 1.1، اور کولگام میں منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 31جنوری تک اسی طرح کی صورتحال رہے گی۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کا آخری مرحلہ چل رہا ہے۔ اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔