قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سرینگر میں آر پار تجارت (ایل او سی ٹریڈ) سے جڑے تاجروں کی رہائش گاہوں پر بدھ کو چھاپے مارے۔
ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'این آئی اے کی ٹیم سرینگر میں لال چوک کے نزدیک مندر باغ اور بھٹہ مالو کے داندرخاہ علاقے میں مشتاق احمد خان اور ہلال احمد خان، غلام احمد ڈار، اشفاق احمد ڈار اور ایوب مٹا کے گھروں پر چھاپے مارے-
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افراد آرپار تاجر ہیں اور اسی سلسلے میں ان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے-
قابلِ ذکر ہے کہ این آئی اے نے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند رہنماؤں اور آرپار (کشمیر اور پاکستان) سے منسلک تاجروں کو سنہ 2017 میں حوالہ فنڈنگ معاملے کے الزام میں گرفتار کر کے ان پر مقدمات عائد کیے ہیں-
یہ تمام افراد این آئی اے کی حراست میں تاحال دہلی کے تہاڑ اور دیگر جیلوں میں قید ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ کشمیر میں سال 2017 سے این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے زائد از دو درجن علیحدگی پسند رہنماؤں اور تاجروں کو مبینہ طور عسکری فنڈنگ کیس میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔