ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) دیویندر سنگھ اور دیگر تین ملزموں کو تفتیش کے لیے دہلی لے جائے گی۔
این آئی اے نے پہلے ہی دیویندر سنگھ کو اسلحہ ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے روک تھام کے ترمیم شدہ ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
دیویندر سنگھ کو 11 جنوری کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ حزب المجاہدین کے دو عسکریت پسند نوید بابو، رفیع احمد اور ایک وکیل عرفان احمد کو ایک گاڑی میں جموں کی طرف لے جا رہے تھے۔
گذشتہ روز این آئی اے نے دیویندر سنگھ سمیت چاروں گرفتار افراد کو تفتیش کے لیے جموں منتقل کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ دیویندر سنگھ کو پوچھ گچھ کے لیے 26 جنوری کو یا اس سے پہلے ہی دہلی منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ان چاروں کو پوچھ گچھ کے لیے دہلی لانے سے قبل انہیں این آئی اے کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ادھر آج گرفتار شدہ حزب المجاہدین کے کمانڈر نوید بابو کے بھائی عرفان مشتاق کو بھی حراست میں لیا گیا ہے اور این آئی اے انہیں بھی اپنی تحویل میں لے گی۔