سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو تقسیم کرنا روز اول سے ہی نئی دہلی کا شیوا رہا ہے اور موجودہ دور میں ان مذموم کوششوں میں اور بھی تیزی آگئی ہے اور ایسی صورتحال میں یہاں کے تمام پشتینی باشندوں کو بلا لحاظ و مذہب و ملت ، رنگ و نسل اور زبان کے ایک جُٹ ہوکر ایسی مکروہ سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ ان باتوں کااظہار موصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی شناخت،وحدت اور آپسی ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنا ہمارے لئے موت و حیات کا سوال ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب متحد اور منظم ہوجائیں اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں ثابت قدم اور پُرعزم ہوکر ڈٹے رہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹولیوں میں بٹ کر ہم کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے ہیں، اتحاد و اتفاق ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی منزل مقصودتک پہنچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: Snowfall Aftermath برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، فاروق عبداللہ
جموں وکشمیر کے عوام کو غربت اور افلاس سے نجات دلانے کے علاوہ مفت تعلیم ،زرعی اصلاحات اور جمہوریت کی آبیاری جیسے سے تاریخی اقدامات سے باخبر کرائیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہر سطح پر آگے لایا جائے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنا پارٹی کی پیرنٹ ونگ کا فرض بنتا ہے۔
(یو این آئی)