24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ جموں وکشمیر کے 14 سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کے سلسلے میں بدھ کو نیشنل کانفرنس کے جموں صوبے کے لیڈران نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی۔
ان لیڈروں میں جموں صوبے کے صدر دویندر رانا، سابق ایم ایل اے جاوید رانا، اجے سدھوترہ، خالد نجیب سہروردی، سجاد کلو اور رتن لال گپتا شامل ہیں۔
یہ لیڈران بدھ کی صبح ۱۱ بجے کے قریب فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر پہنچے اور وہاں پارٹی صدر سے گفت و شنید کی۔
میٹنگ کے اختتام کے بعد نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر کل جماعتی میٹنگ میں سبھی صوبوں - جموں، کشمیر اور لداخ - کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ خطے کے قد آور لیڈر ہیں اور وہ نہ صرف کشمیر بلکہ جموں اور لداخ کے لوگوں کے جذبات کی بھی نمائندگی کریں گے۔
مزیر پڑھیں: ’کل جماعتی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت پر بھی بات کریں گے‘
رانا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر بشمول لداخ ایک متحدہ ریاست تھی اور اسکو متحد رکھنے کی ہمیشہ کوشش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ جمعرات یعنی 24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ جموں و کشمیر کے 14 لیڈران کے ساتھ سیاسی امور پر ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات میں سابق وزراء اعلیٰ - ڈاکٹر فاروق عبد اللہ، محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور سینئر کانگرس لیڈر غلام نبی آزاد - کے علاوہ سابق وزیر الطاف بخاری، سجاد لون، محمد یوسف تاریگامی، جموں و کشمیر پردیش کانگرس کے صدر غلام احمد میر، بی جے پی کے سابق وزیر کویندر گپتا، رویندر رانا، نرمل سنگھ، پینتھرس پارٹی کے صدر بھیم سنگھ کو بذریعہ ٹیلیفون مدعو کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں؛ دہلی میں 24 جون کو ہونے والے کل جماعتی اجلاس میں کیا ہوگا؟
ان تمام رہنماوں نے مودی سے ملاقات کرنے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔