جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کے پیش نظر جامع مسجد سرینگر کے امام نے اجتماعی نمازوں کو فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں انجمن اوقاف جامع مسجد نے کہا کہ 'علی الصبح آج پولیس اہلکار جامع مسجد آ کر انجمن اوقاف کے عہدیداروں کو مطلع کیا کہ سرینگر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ اس لئے جامع مسجد میں تمام اجتماعی نمازیں معطل کی جائیں۔'
یہ بھی پڑھیں: 'دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے'
اس دوران انجمن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کووڈ 19 کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر اگرچہ جامع مسجد میں نماز کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جا رہا تھا۔ تاہم نمازیوں کی صحت و سلامتی اور حفاظت کے لئے جامع مسجد میں تمام اجتماعی نمازوں کو فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔