مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مزید کمپنیوں کو خطے میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی آر پی ایف کے ترجمان کے مطابق ’’حال ہی میں جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے متعدد واقعات کے پیش نظر پانچ مزید کمپنیوں کو خطے میں بھیجا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں کو وہاں آئندہ ایک ہفتے کے دوران تعینات کیا جائے گا۔‘‘
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’اس سے قبل مزید 25 کمپنیوں کو وادی کشمیر بھیجا گیا تھا۔ سی آر پی ایف کے تمام اہلکار مقامی پولیس کو وادی کی صورتحال سے نمٹنے میں تعاون فراہم کریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی سرینگر شہر کے بہوری کدل علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک عام شہری کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
مزید پڑھیں: وادی کشمیر میں اضافی 5 ہزار پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ
اس سے قبل مرکزی وزارت داخلہ نے وادی کشمیر میں مزید پانچ ہزار پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ان میں صرف شہر سرینگر میں ہی تین ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزراء اعلیٰ نے سکیورٹی اہلکاروں کو کمیونٹی ہالز میں رکھنے پر انتظامیہ کی سخت تنقید کی
اضافی پیرا ملٹری فورسز کو سرینگر میں موجود میریج ہالز/کمیونٹی سنٹرز میں رکھا گیا تھا جس کی مقامی باشندوں کے علاوہ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں نے بھی مخالفت کی تھی۔