عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے بی جے پی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر انچارج ترن چُگ نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں علاقائی پارٹیوں کی تمام بدعنوانیوں کا انکشاف کرے گی۔
چُگ، جو قومی سکریٹری اور پارٹی کے جموں و کشمیر انچارج کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اپنے پہلے دورے پر کشمیر آئے ہیں، نے کہا کہ جموں و کشمیر کی علاقائی جماعتوں کو گذشتہ سات دہائیوں کے دوران ان کے ہر کام کا جواب دینا ہوگا۔
چُگ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا 'ہم کشمیری ماؤں، بھائیوں اور بہنوں کو انصاف فراہم کریں گے جن کے حقوق نام نہاد رہنماؤں نے چھین لئے ہیں۔'
انہوں نے گپکار الائنس پارٹیوں کو "گپکار گینگ" قرار دیا جو جموں و کشمیر کے عوام کا استحصال اور گمراہ کررہے ہیں۔ چُگ نے کہا کہ وہ (گپکار الائنس کے رہنما) دن کے خواب دیکھ رہے ہیں اور ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'آرٹیکل 370 کو کبھی بحال نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اب چین یا پاکستان بھارت کو چیلینج کرنے کی ہمت کر سکتے ہیں۔' انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبد اللہ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی خطے میں جمہوری ساخت کھو چکے ہیں۔
چُگ نے کہا کہ بی جے پی ناانصافی کبھی برداشت نہیں کرے گی اور جموں وکشمیر میں اب سب کے حقوق ہیں چاہے وہ مسلمان، ہندو، سکھ یا عیسائی ہوں۔
انہوں نے کہا 'کچھ رہنماؤں نے بیرون ممالک میں جائیدادیں بنا رکھی ہیں اور ان سب کی تحقیقات کی جائیں گی۔' انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی، گپکار گینگ کو اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ آنے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے حق میں رہی ہے ۔ چُگ نے کہا 'کچھ لوگ، جو اقتدار کی بھوکے ہیں، دفعہ 370 کی بحالی اور دوسری چیزوں پر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔'