سرینگر:انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے جموں وکشمیر کے معروف اور سرکردہ عالم دین اور خاندان میرواعظ کے ساتھ انتہائی تعلق رکھنے والے شعلہ بیان واعظ و خطیب مرحوم مولانا غلام نبی مبارکی کے فرزند عبدالرشید مبارکی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انجمن نے اپنی اور گزشتہ ساڑھے تین سال سے حکام کی جانب سے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر نظر بند رکھے گئے سربراہ انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے مرحوم عبدالرشید مبارکی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے مبارکی خاندان کے جملہ لواحقین خاص طور پر مرحوم کے برادر اکبر مولوی محمد مبارکی اور مرحوم کے فرزند نجیب احمد مبارکی کے ساتھ دلی تعزیت ، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقامات سے نوازیں اور پسماندگان کو صبرو جمیل عطا کرے۔ واضح رہے کہ عبدالرشید مبارکی سابق کشمیر ایڈمنسٹریٹو افسر تھے۔ وہ 74 برس کے تھے۔ مرحوم کا نماز جنازہ سنت نگر میں 11:00 بجے ادا کیا گیا اور انہیں ان کے آبائی قبرستان ملکھا میں سپرد خاک کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Former DGP MM Khajuria سابق ڈی جی پی ایم ایم کھجوریا کی آخری رسومات ادا کی گئی
جموں و کشمیر کیڈر کے آل انڈیا سروس افسران نے سابق جے اینڈ کے کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر عبدالرشید مبارکی کے انتقال پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مبارکی ایک ذہین، پڑھے لکھے اور سیدھے سادے افسر تھے جنہوں نے اپنے سروس کیرئیر کے دوران شاندار عوامی خدمات انجام دئے۔افسران نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی روح کے لیے دعا کی ہے۔