سرینگر: جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کے بیچ، جمعہ کو وادی کشمیر میں کم از کم درجہ حرارت میں اضافہ جبکہ جموں صوبے کے بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگلے دو دنوں تک وادی کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش کے قوی امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح 830 بجے تک سرینگر، قاضی گنڈ، پہلگام میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ کپوارہ میں 0.2 ملی میٹر، گلمرگ میں 0.8 ملی میٹر، جموں میں 16.4 ملی میٹر، بانہال 2.4 ملی میٹر، بٹوٹ 2.8 ملی میٹر، کٹرہ میں 21.8 ملی میٹر، بھدرواہ میں 11 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کٹھوعہ 5.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ شب کے 6.6 ° C کے مقابلے میں امشب کم سے کم درجہ حرارت 7.9 ° C ریکارڈ کیا گیا اور یہ دارالحکومت کے لئے معمول سے 1.8 ° C زیادہ ہے۔
اسی طرح قاضی گنڈ میں 4.6 ° C کے مقابلے میں 6.8 ° C کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن کے لئے معمول سے 2.1 ° C کم تھا۔ سیاحتی مقام پہلگام میں 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ کوکرناگ میں 4.9 ° C کے مقابلے میں 5.3 ° C کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.6 ° C زیادہ تھا۔
مزید پڑھیں: snowfall in Valley وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع
معروف اسکی ریزارٹ گلمرگ میں 0.0 ° C کے مقابلے میں 0.4 ° C کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.2 ° C زیادہ تھا۔ اسی طرح شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میںپارہ 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔