سرینگر : سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں غیر مقامی مزدوروں اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو ووٹر لسٹ میں درج کیا جا ر ہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے منگل کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’’اطلاعات کے مطابق کل بارہمولہ ضلع میں ایک انتظامی میٹنگ میں ضلع تحصیلدار نے غیر مقامی مزدوروں، سی آئی ایس ایف، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور فوج کے اہلکاروں کو بطور ووٹر اندراج کرنے کے لیے زبانی احکامات جاری کیے تھے۔‘‘Post Article 370 Abrogation
محبوبہ مفتی نے اس ضمن میں انتظامیہ سے ’’صفائی‘‘ کا مطالبہ کیا ہے۔ محبوبہ مفتی کا یہ بیان جموں میں پیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ کے دوران غیر مقامی باشندوں کو بطور ووٹر رجسٹر کرنے پر اعتراض ظاہر کرنے کے ایک روز بعد سامنا آیا ہے۔
اس سے قبل صرف جموں و کشمیر کے پشتینی باشندوں، جو 1929 سے جموں و کشمیر میں رہائش پذیر ہیں، کو بطور ووٹر رجسٹر کرنے کی اجازت تھی۔ تاہم مرکزی سرکار کی جانب سے 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370اور 35اےکو ختم کرنے کے بعد، اب غیر پشتینی باشندے بھی یونین ٹیریٹری میں ووٹر لسٹ میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔