کووِڈ مخالف مہم کے پیش نظر سرینگر میں آج موسیقی پر مبنی ایک سی ڈِی کا اجراء کیا گیا۔ یہ تقریب کلچرل اکیڈیمی کے سمینار ہال میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام مہک ڈرامیٹک کلب نے کیا تھا۔
تقریب کی صدارت معروف تھیٹر ڈائریکٹر اور تمدنی شخصیت جناب عیاش عارف نے کی جبکہ اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر محمد اشرف ٹاک تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
ایوانِ صدارت میں مہک ڈرامیٹک کلب کی صدر محترمہ فرحت صدیقی بھی موجود تھیں۔ تقریب کووِڈ ضوابط کے تحت منعقد کی گئی تھی اور اس میں گنے چُنے فنکاروں اور صحافتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوئے۔
تقریب میں جس دعائیہ سی ڈی کا اجراء کیا گیا اُسے الطاف ساحل نے اپنی آواز کاجامہ پہنایا ہے۔ اس کی ہدایت کاری کے فرائض ارشد نوشہری نے انجام دیے جبکہ دعا گلفام بارجی نے تحریر کی ہے۔
تقریب میں صحافتی اور فنکار برادری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات کو کووِڈ مخالف اقدامات کے سلسلے میں اُنکی خدمات کے اعتراف میں اعزاز اور اسناد سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کوکرناگ: وائلو کے جنگلات اسمگلرز کے نشانے پر
تقریب میں سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی منیر الاسلام، عیاش عارف، محمد اشرف ٹاک، جمیل انصاری، گلفام بارجی، الطاف ساحل، ارشد نوشہری شامل تھے۔
تقریب میں موجود شرکاء نے مہک ڈرامیٹک کلب کو کووِڈ مخالف اقدامات اور صافتی برادری کو اُن کی حوصلہ افزائی کے لئے مبارکباد پیش کی۔