کوروناوائرس سے جڑی غلط فہمیوں کی وجہ سے جہاں لوگ اس مہلک مرض سے فوت ہونے والے اپنے عزیز و اقارب کی آخری رسومات انجام دینے میں ہچکچاتے ہیں۔ وہیں مسلم برادری سمیت دیگر مذاہب کے کئی نوجوان، غیر سرکاری ادارے اور کئی سماجی کارکنان ایسے بھی ہیں جو کہ خوف و خطر سے بے نیاز ہوکر رضاکارانہ طور پر کووڈ 19 سے مرنے والوں کے آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہتے ہیں۔
شہر سرینگر میں سکھ برادری کی جانب بنائی گئی یونائٹڈ سکھ فورم نامی سماجی تنظیم کے کارکنان بھی کورونا متاثرین کی مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ یہ رضاکار نہ صرف اپنی بلکہ ہندؤ براداری میں بھی کورونا وائرس سے موت ہونے والوں کا کریا کرم انجام دیتے ہیں۔
کورونا وائرس کی موجودہ سنگین صورتحال کے دوران یہ رضاکار نہ صرف مرنے والوں کے آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہتے ہیں بلکہ بلا لحاظ مذہب و ملت کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ان کنبوں میں راشن اور دیگر اشیاء ضروریہ بھی پہنچاتے ہیں جو کہ اس وقت مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
ضرورت مندوں کے کام آنے کے لئے فی الحال 14 رضاکار یونائٹڈ سکھ فورم سے جڑے ہیں جو کہ ایک فون کال پر اپنی خدمات میسر رکھنے میں دیر نہیں لگاتے ہیں۔