جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ گورنر منوج سنہا نے آج نیتی آیوگ کی چھٹی گورننگ کونسل میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر میں ہورہے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا 'پانچ اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کام ہوا ہے، اس سے پہلے صدیوں سے خطے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی تھی'۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اس وقت ترقی، امن اور خوشحالی کی طرف گامزن ہو رہا ہے اور عوام بھی خطے میں ترقی کی خواہاں ہے۔
گورنر منوج سنہا نے آنے والے وقت میں جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں تجاویز بھی پیش کی اور مرکزی حکومت سے درخواست کی جموں و کشمیر میں کسٹم کلیئرنس کی سہولت کے ساتھ ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ بیرونی ریاستوں اور ملکوں کے ساتھ آسانی سے کاروبار کیا جاسکے۔
سیاحت کے لحاظ سے منوج سنہا نے تجویز پیش کی کہ جموں اور سرینگر میں تجارتی بین القوامی پروازیں شروع کی جائیں تاکہ سیاحت مزید بڑھ سکے۔ اسکے علاوہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لئے ایئر کارگو کی گنجائش میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس قدم سے اشیاء کی آسانی سے نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سفارتکاروں کے دورے کے بعد وادی میں تشدد پھر سے شروع
لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا ہے 'ملازمت کے مواقع پیدا کرنے سے لے کر انٹرپرینیورشپ تک ہم جموں و کشمیر کو انڈسٹری 4.0 کا نمونہ بنانے جا رہے ہیں'۔