فاروق عبداللہ کی بہن عالیہ شاہ مبارک نے دہلی میں ایک تحریری پیغام پڑھتے ہوئے دفعہ 370 کی منسوخی کو آئین ہند اور آئین جموں و کشمیر کی خلاف ورزی قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ 'بھارت سے کشمیر کا الحاق مشروط تھا، اس کے مطابق اگر دفعہ 370 کا وجود نہیں ہوگا توکشمیرکے بھارت سے رشتے بھی ختم۔'
عالیہ شاہ نے مزید کہا کہ ہمیں ہر بار بتایا گیا کہ کشمیری غدارہیں، لیکن میں کہناچاہتی ہوں کہ ہم غدار نہیں بلکہ ہم سے غداری ہوئی ہے۔ہمیں مرکز سے دھوکہ ملا ہے،پہلے کانگریس سے اور اب بی جے پی سے۔ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ صرف جموں و کشمیرکے لوگ ہی کرسکتے ہیں،نہ بھارت اور نہ پاکستان'۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دفعہ 370کی منسوخی کوواپس لیاجائے اورحراست میں لوگوں کو رہا کیا جائے،خاص طور پر بچوں کورہاکیاجائے اس کے علاوہ مواصلات کے تمام ذرائع بحال کئے جائیں۔
عالیہ شاہ نے یہ خطاب دہلی کے جنتر منتر پر جاری ایک احتجاجی مظاہرہ میں کیا جہاں 75 دنوں سے کشمیر میں جاری ہڑتال کے خلاف سول سوسائٹی کے کارکنان سمیت مختلف شعبہائے حیات سے وابستہ افرادشامل ہوئے۔