سری نگر: کشمیری پنڈتوں نے منگل کے روز کولگام میں ایک ہندو خاتون اسکول ٹیچر کی ہلاکت کے خلاف سری نگر سمیت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاج درج کیا۔ احتجاجی محفوظ مقامات پر تعینات کرنے کے مطالبوں کو لے کر جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔ قاضی گنڈ میں احتجاجیوں کے دھرنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔
سری نگر کے اندرا نگر علاقے میں احتجاج کے دوران ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محفوظ مقامات پر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایسا نہیں کیا جائے گا تب تک ہم دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ''یہ ٹارگیٹ ہلاکتیں ہیں اور یہاں اقلیتی فرقے سے وابستہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے''۔
گاندربل: کلگام ضلع کے کھیر بھوانی مندر میں عارضی طور رہائش پذیر ملازمین نے خاتون معلمہ کی ہلاکت کے خلاف مندر سے باہر آکر احتجاج کرنے کی کوشش کی، جبکہ پولیس اور سی آر پی ایف نے ان کو مندر سے باہر آنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ جس کے بعد درجنوں کشمیری پنڈتوں بشمول خواتین نے مندر کے صدر دروازے پر بیٹھ کر دھرنا دیا۔ اس دوران درجنوں پنڈتوں نے سرکار کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ سرکار ہماری سیکورٹی کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ دہشت پسند لگاتار ہمارے لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر یہی مطالبہ دہرایا کہ بہتر یہی ہے کہ ہمارا یہاں سے تبادلہ کیا جائے۔
کولگام: جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں ٹیچر رجنی بالا کی ہلاکت کے بعد فورای ویسو مایگرنٹ کیمپ میں مقیم کشمیری پنڈت ملازمین نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر احتجاج درج کیا۔ احتجاجی مظاہرین ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے انتظامیہ کی ناکامی ہر سوال کھڑے کیے اور کہا کہ انتظامیہ ہر سطح ہر ناکام ہو گئی ہے۔ دوسری طرف نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما سکینہ ایتو، عمران نبی ڈار، صفدر علی لان، پیپلز کانفرنس کے سینر لیڈر نظیر احمد لاوے، بی جے پی کے عابد حسین خان اور کانگریس کے محمد امین بٹ نے رجنی بالا کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
کولگام، گوپال پورہ علاقے کے ایک ہائی سکول میں منگل کی صبح نامعلوم بندوق برداروں نے ایک خاتون ٹیچر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جس کے خلاف قاضی گنڈ میں کشمیری پنڈتوں نے سرینگر جموں شاہراہ کو بند کر کے حکومت کے خلاف احتجاج اور نعرہ بازی کی۔
مزید پڑھیں:
- Reaction on Civilian Killing: عسکری حملے میں خاتون ٹیچر کی موت پر سیاسی رہنماؤں کا ردعمل
- Woman Teacher Killed: کولگام میں عسکریت پسندوں کے حملے میں خاتون ٹیچر ہلاک
بڈگام: شیخ پورہ پنڈت کالونی میں مقیم کشمیری پی ایم پیکج ملازمین نے کولگام ضلع کے گوپول پورہ میں رجنی کے قتل کے بعد ہمہامہ سرینگر ایئرپورٹ روڈ پر احتجاجی مارچ کیا اور شام کے وقت ہمہامہ کے قریب سری نگر ایئرپورٹ روڈ کو بلاک کر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ پنڈتوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہم حکومت کو اپنے مسائل حل کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دے رہے ہیں۔ اگر حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی تو ہم یہاں سے جموں جائیں گے۔