عادل تیلی، ایک پیشہ ور کشمیری سائیکلسٹ نے 30 مارچ کو ایک تاریخ رقم کی جب انہوں نے کشمیر سے کنیاکماری تک آٹھ دن، ایک گھنٹے اور 37 منٹ کے وقت میں 3600 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
کچے راستوں، سخت آب و ہوا، ٹریفک اور دیگر مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے عادل نے اوم مہاجن کے ذریعہ قائم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کیا۔
ضلع بڈگام کے ناربل علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائیکلسٹ عادل نے 22 مارچ کی صبح سرینگر کے لال چوک علاقے سے اپنا سفر شروع کیا۔
سائیکلنگ کے بارے میں پرجوش عادل نے پہلے ہی سرینگر سے لیہہ تک 440 کلومیٹر فاصلہ صرف 26 گھنٹے 30 منٹ میں طے کر کے اپنے نام ریکارڈ کر لیا تھا۔
سائیکلنگ مہم پر عادل کی مدد اور سرپرستی کرنے والے ابرک ایگرو نے اس کارنامے پر عادل کی تعریف کی ہے۔ ابرک ایگرو نے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں عادل کے پورے سفر میں اس کی حمایت پر ڈویژنل انتظامیہ کشمیر سے اظہار تشکر کیا۔
ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے اپنے خواب کا پیچھا کرتے ہوئے عادل امرتسر گئے جہاں انہوں نے 5-4 ماہ تک سخت تربیت حاصل کی۔
سرینگر سے اپنا سفر کرتے ہوئے عادل نے متعدد ریاستوں میں سفر کیا جس میں سنت نگر این ایچ 44، قاضی گنڈ، بنیہال، ناشری سرنگ، لکھا پور، پٹھان کوٹ، جالندھر، لدھیانہ، دہلی، آگرہ، گوالیار، جھانسی، ناگپور، حیدرآباد، گٹی، بنگلور شامل ہیں۔