فیسٹول کے ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان نے بتایا کہ اس سلسلے میں مینجمنٹ کمیٹی نے ایڈوائزری بورڈ کے اراکین کے ساتھ مشورہ کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹول کے انعقاد کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان ماہ اگست یا ستمبر میں کیا جائے گا۔
موصوف ڈائریکٹر نے بتایا کہ سال 2017 کے ماہ جولائی سے اب تک ہم نے یہاں چار فیسٹول منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس فلم فیسٹول کو دنیا کے دس بڑے فیسٹولز کی فہرست میں لائیں تاکہ کشمیری نوجوانوں اور تاجروں کو اس سیکٹر میں اپنی قسمت آزمائی کے لئے ضروری جانکاری اور معلومات فراہم کی جاسکیں۔
مسٹر خان نے بتایا کہ گذشتہ چار ایڈشنوں میں ہمیں 15 ممالک بشمول ایران، اٹلی، جاپان، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال، لبنان، کوریا، امریکہ، ترکی وغیرہ سے زائد از 4سو 60 فلمیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے ہم صرف 136 فلمیں ہی دکھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار فیسٹولز میں کم سے کم ساڑھے پندرہ ہزار لوگوں جن میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے، نے شرکت کی ہے۔
موصوف ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس کے علاوہ قلم کاروں، ڈائریکٹروں، اداکاروں کے ساتھ مباحثوں اور ورک شاپوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں قریب پونے ساتھ سو طلبا نے شرکت کی۔