سرینگر: محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ساتھ رک رک کر بارشوں کا امکان ہے اور اس دروان کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور بعض علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 27 اور 28 مئی کو بھی رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 اور 30 مئی کو بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔محکمے نے کسانوں سے 29 اور 30 مئی کو تمام آپریشنز معطل کرنے کو کہا ہے۔
دریں اثنا ناسازگار موسمی حالات کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: Gusty Winds In Kashmir طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری کی قہر سامانیاں، ایک درجن مکانوں کو نقصان
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
(یو این آئی )