جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تقریباً 20 کلو میٹر دور کوکرناگ کے گُڑناڈ علاقے میں سڑک اور پُل کی عدم دستیابی سے علاقے کی کثیر آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے سبب انہیں عبور و مرور میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ساتھ ہی کسی بھی آفات اور ایمرجنسی کے دوران بیماروں کو ہسپتال لے جانے کے دوران لنک روڈ تک انہیں مریضوں کو کاندھے پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے۔ مزید، پختہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران بچے اسکول نہیں جا پاتے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں یہ معاملہ کئی بار انتظامیہ کی نوٹس میں لایا تاہم آج تک ان کے مطالبے پر غور نہیں کیا گیا۔
مقامی لوگوں نے چندہ جمع کرکے رضاکارانہ طور پر راستہ تعمیر کیا ہے۔تاہم معمولی بارش کے بعد راستے پر پھسلن پیدا ہو جاتا ہے جس کے سبب چلنا پھرنا دشوار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے سرکار سے علاقے میں پختہ سڑک اور پُل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔