معروف مگزین فوربز نے چند روز قبل اپنی '30 انڈر 30' فہرست شائع کی ہے۔ اس فہرست میں 30 برس سے کم عمر کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 30 نوجوانوں کا نام ہوتا ہے۔ سنہ 2021 کی فہرست میں جہاں ہر شعبے سے وابستہ ہونہار نوجوانوں کے نام تھے، وہیں جموں و کشمیر کے ضلع سرینگر کے رہنے والے 'عاقب وانی ڈیزائنز' کے بانی 29 برس کے عاقب وانی کا نام بھی اس لسٹ میں شامل ہے۔
وانی کی پیدائش اور پرورش اگرچہ دہلی میں ہوئی ہے۔ تاہم آج بھی وہ اپنے وطن کشمیر سے دور نہیں ہیں۔ وانی ایک ڈیزائنر ہیں، آج کل دہلی میں رہتے ہیں اور اُن کا سٹوڈیو بھارت کی دارالحکومت کے گرین پارک علاقے میں واقع ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو کے دوران اُنہوں نے اپنے سفر اور مستقبل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔
- اپنے سفر، تعلیم اور کام کے بارے میں ہمیں بتائے؟
میرا نام عقب وانی ہے اور میں اس وقت دہلی میں رہتا ہوں۔ ہم ہر طرح کی ڈیزائننگ کرتے ہیں۔ چاہئے وہ شادیوں کے لیے ہو یا پھر کمپنیز کے لوگو اور برانڈنگ ہوں۔ ہم ہر قسم کی ڈیزائننگ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہر کوئی ڈاکٹر یا انجینئر بننا چاہتا تھا، میں نے ذیزائیننگ کے پیشہ کا انتخاب کیا۔
میری پیدائش، تعلیم دہلی میں ہی مکمل ہوئی۔ ہم ہر برس گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران کشمیر جاتے ہیں۔ تعلیم میں مجھے زیادہ دلچسپی نہیں تھی۔ میں ڈاکٹر انجینئر نہیں بننا چاہتا تھا، بلکہ کچھ اور کرنا چاہتا تھا۔ بچپن سے ہی فن میں دلچسپی تھی اس لیے اسی شعبے میں اپنا مستقبل دیکھا۔
میں نے شروعات ایک میوزک بینڈ سے کی۔ پھر ڈیزائننگ کے دیگر شعبوں میں ہاتھ آزمایا، جس کی بنا پر مجھے ایک میوزک میگزین میں کام ملا۔ یہ میرے کیریئر کے لیے ایک اچھی بنیاد ثابت ہوئی۔
- گیارہویں جماعت کے امتحانات میں دو مرتبہ ناکامیاب ہونے کے بعد گھروالوں کا روایہ کیسا رہا؟
میرے گھروالوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔ میری دلچسپی فنکاروں میں تھی، سو وہی کیا۔ میرے گھروالوں نے ہمیشہ بھرپور حمایت کی جس کے لیے میں ہمیشہ اُنکا شکرگزار ہوں۔
- فوربز انڈیا کی فہرست میں جگہ بنانا آسان نہیں تھا۔ سہرا کس کو پہناؤ گے؟
اس کا کریڈٹ میں اپنی ٹیم، والدین اور کشمیر کے نوجوانوں کو دینا چاہوں گا۔ میں مانتا ہوں آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ دہلی میں رہتا ہے۔ وہاں سہولیات مختلف ہیں اور وادی میں مختلف، لیکن میں نے ڈیزائننگ خود سے سیکھی۔ آپ کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں اگر آپ کرنا چاہو تو۔
- مستقبل کے لیے کیا پلانز ہیں؟
سب سے پہلے اپنے سٹوڈیو کو مزید وسیع کرنا ہے۔ وادی جا کر فنکاروں اور آرٹسٹس سے ملنا ہے۔ اُن کے ساتھ مل کر کچھ خوبصورت اور بہتر بنانا ہے۔ ان سب کے علاوہ اپنے سٹوڈیو، 'عاقب وانی ڈیزائن' کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کے لیے کوشش کرنی ہے۔