سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس این کوتیشور سنگھ نے بدھ کے روز سرینگر کے چیف جسٹس کورٹ روم میں جسٹس اتل سریدھرن کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں بنفس نفیس (سرینگر میں) جسٹس سنجیو کمار، جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس ونود چیٹرجی کول، جسٹس موہن لال، جسٹس راہول بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی اور جسٹس وسیم صادق نرگل نے شرکت کی جبکہ جسٹس تاشی ربستان، جسٹس سندھو شرما، جسٹس سنجے دھر، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس جاوید اقبال وانی، جسٹس محمد اکرم چودھری اور جسٹس راجیش سیکھری نے ہائی کورٹ کے جموں ونگ سے آن لائن شرکت کی۔
حلف برداری کی کارروائی جموں و کشمیر اور لداخ کے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم نے انجام دی۔ اُنہوں نے حکومت ہند، وزارت قانون و انصاف، محکمہ انصاف (تعینات ڈویژن) سے موصول ہونے والی نوٹیفکیشن کے مندرجات کو پڑھ کر سنایا اور لیفٹیننٹ گورنر، یونین ٹیریٹری آف جموں و کشمیر کی طرف سے جاری کردہ اختیاری خط جو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو نئے تبدیل شدہ جج کو عہدے کا حلف دلانے کا اختیار دیتا ہے۔
تقریب میں ہائی کورٹ کے سابق ججز، ایڈووکیٹ جنرل، سیکریٹری قانون، انصاف اور پارلیمانی امور، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا، سرینگر/جموں، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سیکورٹی، صدر بار ایسوسی ایشن، جموں/سرینگر، سینئر وکلاء، پرنسپل ڈسٹرکٹ جج سرینگر، سول انتظامیہ اور پولیس کے افسران اور کارکنان، رجسٹری کے افسران اور عملہ، جسٹس اتل سریدھرن کے اہل خانہ اور مہمانان نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: JK High Court جسٹس این کے سنگھ، جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر
جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر جسٹس اتل سریدھرن کے تبادلے کے ساتھ، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد 17 کی منظور شدہ تعداد کے مقابلے میں چیف جسٹس سمیت 16 ججوں تک پہنچ گئی ہے۔