پارٹی کی جانب سے یہاں جاری ایک بیان کے مطابق وزیر دفاع نے موصوف صدر کو یقین دلایا ہے کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے: 'میر جنید نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی جس دوران جموں و کشمیر کی زمینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ کے دوران میر جنید نے جموں و کشمیر کے حوالے سے اہم امور کو اجاگر کیا'۔
بیان کے مطابق وزیر دفاع نے میر جنید کو 5 اگست 2019 کو پارلیمان میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں یقین دلایا۔
میر نے پنچایتی نمائندوں کی سلامتی کے بارے میں اپنے خدشات ظاہر کئے اور وزیر دفاع سے معاملے کو دیکھنے کی درخواست کی۔
بیان کے مطابق میر جنید نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے وادی کی معیشت کو ہونے والے نقصان سے وزیر دفاع کو آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ کابینہ کے اجلاسوں میں اس مسئلے کو اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی لیڈران کی محبوبہ مفتی سے ملاقات کی درخواست
میر نے وزیر دفاع کے ساتھ ہند – چین کشیدگی کے بارے میں بھی بات کی اور دشمن سے لڑنے والی فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے پنچایتی نمائندوں کے ذریعے ہونے والی تبدیلیوں سے بھی وزیر دفاع کو آگاہ کیا اور اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا کہ بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر میں پنچایتی راج اداروں کو با اختیار بنایا ہے۔