جموں و کشمیر میں گزشتہ شام سے کم سے کم 32 افراد کووڈ 19 وبا کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ جس کے بعد خطہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3530 سے تجاوز ہو گئی ہے۔
تازہ ترین ہلاکتوں میں سے 24 کی موت جموں میں ہوئی جبکہ آٹھ اموات کشمیر میں ہوئی ہیں۔
حیرانی کی بات ہے کہ مئی ماہ میں سب سے زیادہ اموات درج کی گئی اور اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ میں اب تک 1200 سے زیادہ اموات درج کی گئی۔
جموں و کشمیر میں اگرچہ سخت ترین لاک ڈاؤن کا نفاذ جاری ہے لیکن فعال کیسز میں بہت زیادہ کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ خطہ میں اوسطاً ہر روز 3500 سے زیادہ کیسز درج ہو رہے ہیں جبکہ اموات بھی تقریباً پچاس کے آس پاس ہوتی ہیں۔
اگرچہ فروری ماہ میں جموں و کشمیر میں کورونا کے محض 600 کیسز فعال تھے۔ تاہم اب یہ تعداد پچاس ہزار کے قریب ہے۔
کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ فروری ماہ میں حکومت کو احتیاط کرنا تھا تاہم اس کے برعکس اس دوران متعدد پروگرامز منعقد کئے گئے جن میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو کورونا کے پھیلنے کی وجہ بنی۔
گزشتہ برس جموں میں اموات کی شرح کم تھی تاہم دوسری لہر میں کورونا کے معاملوں اور اموات میں حیران کن اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔