جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہم فکر مین اسٹریم جماعتیں مل بیٹھ کر سال گذشتہ کے پانچ اگست کے فیصلوں پر بحث و مباحثے کے بعد مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس روز اول سے ہی مین اسٹریم لیڈروں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عام لوگوں کو جیلوں میں بند رکھنے کے خلاف رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محبوبہ مفتی کی رہائی کے بعد پہلی میٹنگ
موصوف نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: 'پانچ اگست سے پہلے اور بعد میں بھی جو اقدامات اٹھائے گئے اور تمام مین اسٹریم لیڈروں کو نظر بند کیا گیا اور بڑے پیمانے پر عام لوگوں کو بھی ملک کے مختلف جیلوں میں ڈالا گیا کانگریس نے پہلے دن سے ہی کہا کہ یہ غیر قانونی ہے'۔