جموں وکشمیر انتظامیہ نے بیرونی ریاستوں کی گاڑیوں کے اندراج کے متعلق ایک بار پھر سے حکمنامہ جاری کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر ہردیش کمار نے اتوار کو حکمنامہ جاری کیا ہے۔ جس میں ہدایات دی گئ ہیں کہ جن افراد کے پاس بیرونی رجسٹریشن والی گاڑیاں ہیں انکو وہ متعلقہ ٹرانسپورٹ دفاتر میں جاکر جموں وکشمیر رجسٹریشن والے نمبر پلیٹ کا اندراج کرائیں۔
واضح رہے کہ اپریل میں جموں و کشمیر عدالت نے ایسا ہی ایک حکمنامہ خارج کیا تھا اور کہا تھا کہ قانون کے مطابق صارفین ایک ہی ملک میں ایک ہی گاڑی کا دوبارہ روڈ ٹیکس ادا نہیں کر سکتا جبکہ اندراج کر کے مقامی رجسٹریشن نمبر کے لیے درخواست جمع کر سکتا ہے۔
تاہم آج کے حکمنامے میں انتظامیہ نے غیر ریاستی رجسٹریشن نمبر والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے احکامات صادر نہیں کیے ہیں۔ مقامی لوگ آج کے حکمنامے کے بعد تذبذب کا شکار ہوئے ہیں کہ آیا وہ عدالت کا حکمنامہ تسلیم کریں یا پھر انتظامیہ کی جانب سے آج جاری کیے گئے حکمنامے کو۔