سرینگر: جموں و کشمیر کیجول ایمپلائیز فورم کی جانب سے سرینگر کی پریس کالونی میں رکی پڑی اجرتوں کو واگزار کرنے اور عارضی ملازمین کو مستقل نوکریاں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے احتجاج کیا۔ احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے جن پر ’ڈیلی ویجرس کے ساتھ انصاف کرو‘ اور ’ہمارے ساتھ انصاف کرو‘ جیسے نعرے درج تھے۔ Casual labourers Protest Demand Regularisation
جل شکتی عارضی ملازمین کی تنظیم کے ایک رکن نے سجاد احمد پرے نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کئی برسوں سے عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی کے حوالہ سے احتجاج کر رہے ہیں جسے حکومت جان بوجھ کر نظر انداز کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین نے حکام کو کئی مرتبہ میمورنڈم بھی پیش کئے تاہم مسئلے کا حل نہیں کیا گیا۔ Casual labourers Protest Demand Release of Pending Wages
انہوں نے مزید کہا کہ سرکار نے اصولی طور پر یہ مسئلہ تسلیم کیا ہے اور ہمارے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے جس میں عارضی ملازمین کے مسائل تسلیم کرنے اور انکا حل نکالنے کی یقین دہانی بھی کی گئی ہے۔ تاہم اس کے باوجود احتجاج کر رہے غریب عارضی ملازمین کے جائز مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے ترجیحی بنیادوں پر مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
احتجاج کر رہے عارضی ملازمین نے کہا کہ اگر انکے مطالبات 13ستمبر منگل شام تک تسلیم نہ کیے گئے تو عارضی ملازمین احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہو جائیں گے۔