لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر جاری بھارت چین کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈئر وجے ساگر دمن کا کہنا ہے کہ چینی افواج کی بڑھتی پیش قدمی میں دفعہ370کی منسوخی کو نکارا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہونے کی صورت میں ملکی افواج پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کےساتھ خصوصی گفتگوکے دوران فوج کے سابق بریگیڈئر (ڈاکٹر) وجے ساگر دمن نے کہا کہ' مرکز زیر انتظام علاقہ لداخ میں چین کی موجودہ جارحیت کو دفعہ370کی منسوخی سے علیحدہ نہیں دیکھا جاسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے ماضی میں بھی اس طرح کی پیش قدمی کی ہے تاہم اب کی بار ان کا طرز عمل ماضی کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ' چین نے پہلی مرتبہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر اس طرح کی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طے پاچکے معاہدوں کو پامال کرنے کا ارتکاب کیا ہے'۔
سابق فوجی افسر کا کہنا تھا کہ اس بار چین منصوبہ بند طریق کار پر کاربند ہے۔ایک سوال کے جواب میں سابق بریگیڈئر کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ کوئی بھی فائر نہ کھولیں کیوں کہ سنہ 1993میں چین کےساتھ کئی معاہدوں پر دستخط کئے جاچکے ہیں تاہم موجودہ جنگی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اب فوج کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا سختی کےساتھ جواب دیں۔
ان کا کہناتھا کہ فوج کو خفیہ اطلاعات فراہم کرنے والے اداروں سے معلوم ہوا ہے کہ چین نے لداخ کی لائن آف ایکچول کنٹرول پر بڑی تعداد میں افرادی قوت کی تعیناتی عمل میں لائی ہے تاہم ہماری فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہے۔
مزید پڑھیں:
'سرینگرعسکریت پسندانہ واقعات سے خالی نہیں'
وادی میں عسکریت مخالف آپریشنوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سابق بریگیڈئر (ڈاکٹر) وجے ساگر دمن کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں کمی بیشی ہوتی رہی ہے، جس سے کسی کو انکار نہیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ ہماری توجہ وادی میں امن کی بحالی پر مرکوز ہونی چاہیے۔