انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وجے کمار نے بدھ کے روز کہا تھا کہ 8 جولائی اور 13 جولائی کو انٹرنیٹ خدمات بند نہیں کی جائیں گی لیکن "امن برقرار رکھنے" کے لئے پولیس اپنی نگرانی میں اضافہ کرے گی۔
سری نگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی کمار نے کہا ایک آن لائن پورٹل نے 8 جولائی اور 13 جولائی کو ہڑتال کی کال کرنے والے پوسٹر شائع کیے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ 8 اور 13 جولائی کو انٹرنیٹ بند رکھا جائے لیکن پولیس نے فیصلہ لیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس بند نہیں کی جائے گی تاہم نگرانی میں اضافہ کیا جائے گا۔
آئی جی پی نے بتایا "پولیس پارٹی سید علی گیلانی کے گھر اس بات کی تصدیق کرنے گئی کہ آیا انہوں نے کسی ہڑتال کی کال دی ہے لیکن کنبہ کے افراد نے گیلانی کے نام پر پوسٹرس کی تردید کی اور ان کو جعلی قرار دیا۔"
انہوں نے کہا کہ پولیس انٹرنیٹ خدمات بند نہیں کرے گی لیکن 8 جولائی اور 13 جولائی کو سماج دشمن اور امن دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لئے نگرانی میں اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے کشمیر میں کوئی شہری ہلاکت نہیں ہوئی ہے جس نے سرحد پار لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ لہذا امن مخالف عناصر 8 جولائی اور 13 جولائی کو حالات خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن ہم ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر سیف اللہ کی ہلاکت، برہان گروپ کا خاتمہ
واضح رہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین عسکریت پسند کمانڈر برہان وانی کی برسی منائی جاتی ہے جو اس دن اننت ناگ ضلع میں ایک انکاؤنٹر میں مارے گئے تھے۔ 13 جولائی کو جموں و کشمیر میں یوم شہداء کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ 22 شہداء کو یاد کیا جا سکے جو 1931 میں ڈوگرہ حکمرانی کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔