سی پی آئی (ایم) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'وادی میں انٹرنیٹ کی مسلسل معطلی سے تاجروں، صحافیوں، طلبا، ٹور آپریٹروں اور باغبانی اور خدمت سینٹروں سے وابستہ لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔'
بیان کے مطابق وادی میں جاری انٹرنیٹ خدمات پر پابندی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے اور ماضی میں 70 لاکھ لوگوں کو اس طرح کبھی بھی مفلوج نہیں بنادیا گیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات پر عائد پابندی سے حفظان صحت کے لئے کئی اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں کیونکہ یہ اسکیمیں انٹرنیٹ پر منحصر ہیں جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر جاری پابندی کے باعث تجارت اور سیاحت کے سیکٹر کافی متاثر ہوئے ہیں علاوہ ازیں طلبا بھی مختلف امتحانات خاص طور پر مسابقتی امتحانات کی تیاریاں نہیں کرپا رہے ہیں اور صحافیوں کو بھی گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے باعث حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا 'گاؤں کی اور' مرحلہ دوم پروگرام کا کامیاب ہونا بھی ممکن نہیں ہے۔
سی پی آئی (ایم) نے حکام سے محبوس سیاسی لیڈروں کی رہائی عمل میں لانے اور انٹرنیٹ خدمات کو فوری طور پر بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔