سرینگر:جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نا انصافیوں کے خلاف لڑنے کے لئے سینیئر سیاسی رہنما اور معروف قانون دان کپل سبل کے نئے اعلان کردہ پلیٹ فارم ’انصاف کے سپاہی‘ کا خیر مقدم کیا اور اس کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
سبل کے اقدام کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ”سبل صاحب ایک سرکردہ رہنما اور تجربہ کار قانون دان بھی ہیں، جنہیں حزب اختلاف کی ایک اہم آواز سمجھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور رہنماوں کو ساتھ لانے کی موصوف کی بات کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نا انصافیوں کے خلاف متحد ہونے سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔نیشنل کانفرنس مضبوطی سے کپل سبل کے ساتھ ان کی نئی پہل میں کھڑی ہے۔
عمر عبداللہ سمیت پارٹی کے ہر ایک فرد کو پختہ یقین ہے کہ یہ پہل نا انصافیوں سے لڑنے کے مشترکہ مقصد کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ معروف قانون دان اور راجیہ سبھا ممبر کپل سبل ملک میں جاری ناانصافی سے لڑنے کے لیے 'انصاف کے سپاہی' کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں اور وزرائے اعلیٰ سے اسے حمایت کی اپیل کی ہے۔
کپل سبل نے اس حوالے سے خبر رسا ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2014 کے بعد ملک میں ناانصافی پھیلی ہوئی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، نچلے طبقے کے لوگوں پر تشدد کیا جا رہا ہے اور ایک خاص مذہب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Launch of 'Journal of Law and Religious Affairs': جرنل آف لا اینڈ رلیجیئس افیئرس مجلہ سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں جاری
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اب قواعد بدلے جا رہے ہیں، چاہے وہ انڈیا کا الیکشن کمیشن ہو، گورنر ہو اور یہاں تک کہ پارلیمنٹ بھی ہو۔ انہوں نے مرکزی سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ اگر وہ جمہوریت کو اس طرح اپاہج کرتے ہیں تو یقیناً کوئی نہ کوئی اس کے خلاف آواز اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں بھارت کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم دینا چاہتا ہوں اور انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر یہی رجحان رہا تو جمہوریت کو بہت بڑا خطرہ ہے۔ اگر سیاسی جماعتیں اس میں شامل ہو جائیں تو یہ اچھی بات ہے۔