ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی دوسری لہری بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال کورونا وائرس قہر برپا کر رہا ہے۔ کئی ہفتوں سے یومیہ بنیاد پر ریکارڈ تعداد میں متاثرین کی تعداد سامنے آرہی ہے وہیں اس مہلک وائرس سے اموات کی شرح میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل تین ہزار سے زائد کورونا کے مثبت معمالات درج کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ مہلوکین کی تعداد میں بھی آئے روز ہوش ربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
پوری وادی وائرس کی زد میں آچکی ہے۔ ہر سو خوف اور اضطراب دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کورونا کی نئی لہر کی شدت کو بھانپتے ہوئے لوگ بھی بڑی تعداد میں ٹسٹ کرا رہے ہیں۔ جن کے ٹسٹ مثبت آتے ہیں ان کے چہروں پر مایوسی چھا جاتی ہے اور جن کے ٹسٹ منفی آتے ہیں لازمی طور پر وہ مثبت آئے افراد سے دور بھاگ جاتے ہیں۔ لوگ نہ صرف کرونا کے خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں بلکہ گھروں سے باہر آنے میں کافی ڈر محسوس کررہے ہیں۔
ہسپتالوں میں آکسیجن اور ادوایات کی دستیابی سے متعلق اگچہ انتظامیہ کی جانب سے آئے روز بیانات سامنے آتے ہیں۔ وہیں صوبائی اور ضلع سطح کی انتظامیہ بھی بار بار لوگوں سے یہ کہتی دیکھائی دے رہی ہے کہ ہسپتالوں میں بستروں کی گنجائش کو بڑھایا جا رہا ہے اور آکسیجن سپلائی میں بھی معقولیت لائی جا رہی ہے لیکن گزشتہ دنوں جموں کے دو ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کو لے کر تیمارداروں کا شورو غل کرتا ہوا ویڈیو وائرل ہوا۔ وہیں ایس ایم ایچ ایس اہسپتال سرینگر میں بھی تیمارداروں کو آکسیجن حاصل کرتے ہوئے لمبی قطاروں میں دیکھا گیا۔ ہپستالوں سے اس طرح کے وائرل ویڈیوز سامنے آنے سے لوگوں میں مزید اضطراب اور تشویش پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بڈگام: کشمیر میں سحر خان کا منفرد مقام
کورونا کی دوسری لہر سے لوگوں کی ذہنی سوچ بری طرح اثر انداز ہونے لگی ہے۔ ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں نفسیاتی تکالیف میں مزید اضافہ ہونے کے قوی امکانات نظر آرہے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ سے ان مریضوں کی طرف سے لگاتار فون آ رہے ہیں جوکہ نفسیاتی امراض سے ٹھیک ہو چکے تھے۔
جموں وکشمیر میں اگچہ انتظامیہ نے ہسپتالوں میں آکسیجن کی وافر مقدار کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں لیکن ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو کورونا مریضوں کے لئے مزید آسان بنانا ہوگا کیونکہ آکسیجن یا ادویات کی ذرا سی بھی تاخیر سے صورتحال بگڑ سکتی ہے۔