سیلف ہیلپ گروپ انجیئنرز اسکیم کی منسوخی کے معاملے کو لے کر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے ایل جی کے صلاح کار بصیر خان کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس اسکیم کے تحت کام کرنے والے انجینئرز کے مسائل اور اس کی منسوخی سے ان کے روزگار پر مرتب ہونے والے اثرات پر ایک مفصل رپورٹ پیش کرے۔
یاد رہے کہ سابق ایل جی گریش چندر مرمو کے دور میں انتظامیہ نے انجینئرز کو روزگار فراہم کرنے والی اسکیم ’’سیلف ہیلپ گروپ‘‘ کو منسوخ کیا تھا جس سے سینکڑوں انجینئرز بے روزگار ہوئے تھے۔ تاہم ان انجینئرز نے اسکیم کی منسوخی کے خلاف احتجاج جاری رکھے اور یہ معاملہ نئے ایل جی منوج سنہا کی نوٹس میں بھی لایا۔ وہیں سیاسی جماعتوں نے بھی ایل جی انتظامیہ کو اسکیم بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سنہ 2002 میں پی ڈی پی اور کانگریس کی مخلوط سرکار نے بے روزگار انجینئرز کے لئے جموں و کشمیر میں سلف ہیلپ گروپ اسکیم متعارف کی تھی جس کے تحت بے روزگار انجینئرز کو سرکاری تعمیراتی کاموں میں کچھ فی صد کام کا ٹھیکہ دیا جاتا تھا جس سے وہ اپنا روزگار حاصل کر رہے تھے۔