جغرافیائی انڈیکیشن (جی آئی) ایکٹ کے تحت جموں و کشمیر کے سات عالمی شہرت یافتہ دستکاریوں کی رجسٹریشن کے بعد، حکومت اب کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے مزید پانچ دستکاریوں کی جی آئی رجسٹریشن کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی مارکیٹنگ میں نمایاں اضافہ ہوسکے۔
یہ معلومات کمشنر / سکریٹری، صنعت و تجارت، جناب منوج کمار دوویدی کی زیرصدارت ایک میٹنگ اور ویڈیو کانفرنس میں دی گئیں۔
اس میٹنگ میں کشمیر کے ڈائریکٹر ہینڈکرافٹس اینڈ ہینڈلوم، مسرت اسلام، ڈائریکٹر، ہینڈکرافٹس اینڈ ہینڈلوم جموں، وکاس گپتا اور ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی، زبیر احمد نے شرکت کی۔
جی آئی کی رجسٹریشن کے لئے جن دستکاریوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں بسوہلی پشمینہ اینڈ پینٹنگ، ٹوئیڈ فیبرک، کشتواڑ سے لوئی کمبل اور ضلع راجوری کی چکری دستکاری شامل ہیں۔
جموں وکشمیر کی دستکاریوں کی عظمت کو بحال کرنے اور کاریگروں کے لئے خاطر خواہ معاوضے کو یقینی بنانے کے مقصد کے ساتھ کمشنر / سکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ جی آئی رجسٹریشن کے بعد تصدیق نامہ اور لیبلنگ ان مصنوعات کی کوالٹی اشورینس کو قابل بنائے گی۔
جی آئی ٹیگنگ کے دائرہ کار میں زیادہ سے زیادہ دیسی دستکاری لانے پر زور دیتے ہوئے دوویدی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضروری لوازمات کی تکمیل کو تیز تر کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔
دویویدی، جو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا چارج بھی رکھتے ہیں، نے بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر یونین ٹیریٹریری کے تمام انتظامی محکموں کو ایسی مصنوعات کی تفصیلات تجویز کرنے کا مشورہ دیا ہے جو ان کے معیار کے لئے مشہور ہے۔