محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی کو جمعرات سے دھند سے راحت ملنا شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں 12 اور 13 دسمبر کو درمیانہ سے بھاری درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا : 'جمعرات سے ہمیں دھند سے راحت ملنا شروع ہوگی۔ اگرچہ ہمیں دھند سے ایک دم چھٹکارا نہیں ملے گا لیکن ایسا قومی امکان ہے کہ جمعرات سے راحت ملنا شروع ہوگی۔ ہمیں امید تھی کہ بدھ کو ہی ہمیں دھند سے نجات ملے گی لیکن ایسا ہوا نہیں'۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ '12 اور 13 دسمبر کو جموں و کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں درمیانہ سے بھاری درجے کی برف باری کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش یا برف باری کا امکان ہے۔ بارش یا برف باری کا سلسلہ بدھ کی رات کو ہی شروع ہوسکتا ہے۔ ہلکی برف باری کا سلسلہ بدھ کی رات یا جمعرات کی صبح کو شروع ہوسکتا ہے'۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ منگل کی رات دیر گئے شروع ہوا جس کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
بعض میدانی علاقوں میں بھی گزشتہ رات ہلکی بارش یا برف باری ہوئی۔ تاہم وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ کو دن کے وقت موسم خشک اور ابر آلود رہا جس دوران آفتاب نے بھی دن میں کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی ناکام کوششیں کیں۔
برف باری کی وجہ سے مغل روڑ اور سرینگر لیہہ ہائی وے کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی کشمیر میں دور دراز علاقوں کو ضلع صدر مقامات کے ساتھ جوڑنے والی سڑکیں بھی بند کی گئی ہیں۔
وادی بھر میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج ہوئی ہے۔ سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک اعشاریہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی صفر اعشاریہ صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر گرمائی دارالحکومت سری نگر اور وادی کے دیگر 9 اضلاع کے میدانی علاقوں میں بدھ کو بھی دھند کا راج برقرار رہا۔ تاہم بالائی علاقوں میں معمولی دھند ہی سایہ فگن رہی۔ وادی کی بیشتر سڑکوں پر بدھ کی صبح گاڑیوں کو ایک بار پھر ہیڈ لائٹ یا فاگ لینس کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
دھند کا اثر گاڑیوں کی رفتار پر بھی پڑا اور اکثر گاڑیوں کو کچھوے کی رفتار سے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ دھند منگل کی نسبت کم تھی۔
اس دوران ٹریفک پولیس اور معالجین نے ڈرائیوروں اور عام لوگوں کے لئے ایڈوائزریاں جاری کی ہیں۔ جہاں ٹریفک پولیس نے ڈرائیور حضرات سے دھند کے دوران گاڑیاں آہستے چلانے، فاگ لائٹس کا استعمال کرنے اور اوور ٹیک سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے وہیں معالجین نے معمر افراد اور بچوں کو سخت سردی اور دھند کے دوران گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔
وادی میں دھند کے لگاتار ڈیرا زن رہنے سے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کا آنا جانا بدھ کو مسلسل چھٹے دن بھی معطل رہا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ شدید دھند اور کم روشنی کی وجہ سے پروازوں کا آنا جانا بدھ کو بھی معطل رہا۔ انہوں نے کہا کہ پروازیں اٹھنے یا بیٹھنے کے لیے رن وے پر کم سے کم ایک ہزار میٹر تک کی روشنی ہونی چاہیے۔