تسلیم شدہ اسکولوں میں فیس متعین کرنے والی کمیٹی نے پرائیوٹ اسکولوں کی جانب سے سرکار اور عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’’نت نئے حربوں سے فیس وصولنے اور طلباء کو فیس کے نام پر پریشان کرنے سے گریز کریں۔‘‘
فیس فیکزیشن کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (آر) مظفر حسین عطار نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیس متعین کرنے والی کمیٹی کو مختلف ذرائع سے یہ شکایت موصول ہو رہی ہے کہ ’’کچھ پرائیوٹ اسکول طلباء اور والدین سے رفنڈیبل فیس کے نام سے رقم وصول رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ کئی اسکول طلباء سے پیشگی فیس طلب کر رہے ہیں جبکہ کئی نجی اسکول فیس کی وصولی کے لئے بچوں کی تعلیم میں رکاوٹیں بھی پیدا کر رہے ہیں۔
جسٹس مظفر عطار نے کہا کہ ’’رفینڈیبل فیس کا کوئی قانونی جواز ہی نہیں ہے، لہذا اس نام پر نہ کوئی فیس وصول کی جاسکتی ہے اور نہ ہی اس فیس کا تقاضا کیا جاسکتا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:کشمیر: موٹر سائیکل ضبط کرنے کا سلسلہ کئی روز سے جاری
جاری کردہ حکنامے میں انہوں نے پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ 6ماہ یا سال بھر کی پیشیگی فیس وصولنا بند کریں اور بقایا فیس وصولنے کے لیے بچوں کو تعلیمی سہولیات سے محروم کرنے سے گریز کریں۔