جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں سے کورونا مخالف ٹیکہ لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب تک وبائی مرض سے لاکھوں لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں تاہم اب اس مہلک بیماری سے حفاظت کے لیے ویکسین موجود ہے جس کی بدولت وبائی بیماری کے مضر اثرات سے بچا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے جلد سے جلد کورونا مخالف ٹیکہ لگانے کی اپیل کی۔
سماجی رابطہ گاہ کے ذریعے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبدللہ نے کہا کہ ’’کورونا وائرس کا پھیلاؤ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لئے کسی بھی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ویکسین لگانے کے ساتھ ساتھ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے وضع کیے گئے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کی بھی ضرورت ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے ماسک پہننے، سوشل ڈسٹنسنگ برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے کی بھی تلقین کی۔
سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر جلد از جلد کورونا مخالف ویکسین لگوائیں تاکہ اس خطرناک اور موذی مرض سے سبھی محفوظ رہ سکیں۔