عرس کے موقع پر حضرت شاہ ہمدانؒ کے نام سے منسوب خانقاہ معلیٰ میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور سینکڑوں لوگوں نے نماز ظہر ادا کی۔ اس موقع پر خواتین کی بھی خاصی تعداد موجود تھی۔
اطلاعات کے مطابق عرس کے موقع پر خانقاہ معلیٰ میں منعقدہ تقاریب میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران کورونا وبا کے خاتمہ کےلیے بھی دعا کی گئی۔ عرس تقاریب کے موقع پر کورونا گائیڈ لائن کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔ عقیدت مندوں نے ماسک لگا رکھا تھا۔
سرینگر میں دریائے جہلم کے کنارے پر واقع 600 سالہ قدیم درگاہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی تاریخی خانقاہ معلیٰ کو کورونا وبا اور لاک ڈاون کے چلتے بند کردیا گیا تھا۔ 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت کی ہدایت کے بعد عرس تقاریب کو منسوخ کردیا گیا تھا، وہیں گذشتہ سال بھی کورونا وبا و لاک ڈاون کی وجہ سے عرس تقاریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی وجہ سے خانقاہ فیض پناہ عرس کی تقریبات مؤخر
ہر سال عرس کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں عقیدت مند درگاہ حضرت شاہ ہمدانؒ پر حاضری دیتے ہیں اور دعائیں مانگتے ہیں۔ تاریخی اعتبار سے حضرت میر سید علی ہمدانی وادی کشمیر میں دین اسلام کی تبلیغ کرنے والے مبغلیں میں سرفہرست ہیں۔ حضرت 14 ویں صدی میں کشمیر تشریف لائے اور یہاں اسلام کی تبلیغ کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں کو مختلف فنون سے بھی آراستہ کیا۔