سرینگر: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں اپنے عیال کے ساتھ نجی سیر و تفریح کے لیے آئے ہیں اور آج انہوں نے یہاں ایل جی منوج سنہا سے ملاقات کی۔ ایکناتھ شندے جموں وکشمیر کے تین روزے کی تفریح کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کل جموں کے کٹرہ میں وشنودیوی مندر میں پوجا کی اور آج سرینگر پہنچے۔ ایکناتھ شندے نے ایل جی منوج سنہا کے نام مکتوب لکھا ہے جس میں انہوں نے سرینگر میں مہاراشٹر بھون تعمیر کرنے کی گزارش کی ہے۔
شندے نے لکھا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت سے کشمیر میں ترقی ہوئی ہے اور ملک کے ساتھ اس کا اختلاط مکمل ہوا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اس ضمن میں سرینگر میں زمین کا ایک پلاٹ مہاراشٹر بھون کے لیے مختص کیا جائے اور یہ بھون مہاراشٹر کی تہذیب، فن اور پکوان دکھانے میں ہی نہیں بلکہ مختلف تقاریب کو منعقد کرنے کی بھی جگہ رہی گی۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں مزید لکھا ہے کہ اس بھون میں مہاراشٹر سے کشمیر آنے والے سیاحوں، تجار، طلباء اور افسران کو رہائش مہیا ہوگی۔ جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے ایکناتھ شندے کے ساتھ آج سرینگر کے راج بھون میں ملاقات کی۔ منوج سنہا کے دفتر نے دونوں لیڈران کی ایک تصویر ٹویٹر پر شیئر کی۔ اس ٹویٹ میں لکھا تھا کہ منوج سنہا کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کے فرزند ڈاکٹر ایس ای شندے کے ساتھ ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی۔ تاہم منوج سنہا نے شندے کی جانب سے سرینگر میں مہاراشٹر بھون بنانے کی گزارش پر کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔