ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ایجیک EJAC) کے عہدیداروں نے منگل کے روز سرینگر کے سول سکریٹریٹ کے باہر یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے جن پر ’ڈیلی ویجرز کو مستقل کرو‘، ’ظلم و جبر بند کرو‘، اور ’گورنر تیری سرکار میں ڈیلی ویجرز بھوکے مر رہے ہیں‘ کے نعرے درج تھے۔
اس موقعے پر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر فیاض احمد شبنم نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’ایک بہت بڑی ایجنسی ہے جو عارضی ملازموں کے مسئلے کو التوا میں ہی رکھنا چاہتی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کا مسئلہ گزشتہ تین دہائیوں سے التوا میں پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’عارضی ملازمین اپنے اپنے محکموں میں مستقل ملازمین کے ساتھ شانہ بہ شانہ کام کرتے ہیں اور انتہائی جانفشانی سے خدمات انجام دیتے ہیں لیکن ان کی خدمات کو نظر اندز کیا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ عارضی ملازمین کے لئے بھی ایک مربوط پالیسی بنائیں اور ان کی نوکریوں کو مستقل کریں تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا بھی ازالہ ہوسکے۔