سری نگر: جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے چھانہ پورہ علاقے میں منشیات فروش کے قبضے سے آٹھ سو نشہ آور بوتلیں برآمد کرکے ضبط کی گئیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چھانہ پورہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران سکارپیو گاڑی نے رکنے کا اشارہ نظر انداز کیا جس کے بعد پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ انہوں نے بتایا دوران تلاشی سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK01AL-7786سے آٹھ سو کوڈین بوتلیں برآمد ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ گاڑی میں سوار منشیات فروش جس کی شناخت محمد یوسف راتھر ساکن خان کالونی چھانہ پورہ کے بطور ہوئی ہےکو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔ گزشتہ 16 جون کو کولگام پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 10 کلو خشخاش بھوسا جیسا مواد بر آمد کیا تھا۔ انہوں نے منشیات فروشوں کی شناخت راکیش کمار ساکن کھادی اودھم پور اور سمراج ساکن دھر روڈ جموں کے بطور کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Drugs Smuggling in Kulgam کولگام میں دو منشیات فروش گرفتار، نشہ آور مواد برآمد
یو این آئی