سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اعلان کیا ہے کہ حسب سابق اسلامی شریعت اور تعلیمات کے مطابق عید الاضحی کی نماز سری نگر کی تاریخی عیدگاہ میں صبح 9 بجے ادا کی جائے گی، البتہ بارش اور موسم خراب ہونے کی صورت میں مقررہ وقت پر تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز عید الاضحیٰ ادا ہوگی۔ انجمن اوقاف نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلامی طرز پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کرکے قبل از وقت نماز عید کیلئے عیدگاہ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس دوران نمازیوں کو اپنے ساتھ مصلیٰ لانے کی اپیل کی گئی ہے۔
انجمن اوقاف نے عید الاضحی اور قربانی کے پیش نظر ایک بار پھر حکام سے میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہیں اگست 2019 سے مسلسل گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی منصبی ذمہ داریاں انجام نہیں دے پارہے ہیں، جو عوام میں اضطراب اور بے چینی کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Eid Prayer Timing At Srinagar Eidgah Announced: عیدگاہ سرینگر میں ساڑھے نو بجے عید نماز ادا کی جائے گی: انجمن اوقاف
بتادیں کہ اس قبل متحدہ مجلس علماء جموں و کشمیر کے بانی اور سربراہ میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی چار سالہ نظر بندی کے تناظر میں عید سعید سے قبل ان کی اور دیگر محبوس علما اور مبلغین کی غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔ وہیں مجلس نے اعلان کیا کہ ان تمام امور کے جائزے اور ایک مشترکہ حکمت عملی مرتب کرکے عید الاضحیٰ کے بعد ریاست گیر سطح پر ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا جائیگا اور صورتحال پر غور و خوض کیا جائے گا۔