حکم نامے کے مطابق یہ ٹیم شادی بیاہ و دیگر سماجی تقریبات کے دوران اچانک معائنہ کرنے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی مجاز ہوگی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈایزسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 'سرینگر کے چند مقامات پر سماجی تقریبات کے دوران وضع کئے گئے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی شکایات موصول ہوئیں جس کے پیش نظر شادی بیاہ و دیگر سماجی تقریبات میں کووڈ گائیڈ لائن کی نگرانی کرنے اور کووڈ گائیڈ لائنز کی پاسداری عملانے کے لئے خصوصی ٹیم کو تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'وادی کشمیر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔خصوصی نگرانی ٹیم میں متعلقہ تحصیلدار، تحصیل سپلائی افسر، متعلقہ ایس ایچ او اور علاقے کے وارڈ افسر پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ نے وادی میں 25 مئی تک نافذ کورونا کرفیو کے دوران طے شدہ شادی بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کے لئے اجازت کے لیے آن لائن نظام متعارف کرایا ہے، جس کی وساطت سے لوگ شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔