سرینگر (جموں و کشمیر) : آوارہ کتوں کی بڑھتی آبادی سے جموں کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کو ’’کتوں کا شہر‘‘ کے نام سے موسوم کیا جا رہا ہے۔ کتوں کی اس بڑھتی آبادی سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع میں بھی آوارہ کتوں کی آبادی کو قابو کرنے میں انتظامیہ ناکام ہو چکی ہے۔
سرکار کے مطابق آوارہ کتوں کے کاٹنے سے وادی کشمیر میں ہر سال 5000 لوگ زخمی ہو جاتے ہیں۔ سرینگر گورنمنٹ میڈیکل کالج کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں 58 ہزار شہری کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ کبھی اس چونکا دینے والی تعداد سے جاگ نہیں پائی۔ کتوں کی اس بڑھتی آبادی کو قابو کرنے کے لیے سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے شہر کے ٹینگپورہ علاقے میں کتوں کی نسبندی کرنے کے لیے جدید سائنسی ٹکنالوجی سے لیس ایک مرکز تعمیر کیا ہے جہاں ہر روز 60 کتوں کی نسبندی کی جائے گی۔
میونسپل کارپوریشن سرینگر کے ویٹنری آفیسر ڈاکٹر توحید احمد نجار نے کہا کہ انیمل ویلفئیر بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت کتوں کی نسبندی کی جائے گی تاکہ شہر میں آوارہ کتوں کی آبادی پر قابو پایا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایس ایم سی نے ایک غیر سرکاری ادارے کو شہر میں آوارہ کتوں کی آبادی کا پتہ لگانے اور نسبندی عمل میں لانے کا کام سونپ دیا ہے۔ مذکورہ ادارے نے سروے کا کام شروع کیا اور وہ آوارہ کتوں کی نسبندی کا عمل شروع کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹینگ پورہ سنٹر میں 240 کتوں کو رکھنے کی بھی جگہ ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 50 سے 60 کتوں کی نسبندی کی جائے گی۔ ڈاکٹر توحید کا کہنا ہے کہ سنہ 2030 تک ملک کو ریبیز سے پاک بنایا جا رہا ہے اسی کڑی کے تحت مذکورہ پروگرام کو بڑی شدت کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Ladakh Dog Bites آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات، ہائی کورٹ کا از خود نوٹس
ایس ایم سی کے ڈپٹی مئیر پرویز قادری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کتوں کی نسبندی کے ساتھ ساتھ کارپوریشن شہر میں کھلے مقام پر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے سلسلے کو بند کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی بھی جگہ کوڑا کرکٹ جمع نہیں ہوگا تاکہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: Stray Dog Menace in Srinagar سرینگر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی آبادی باعث تشویش
قابل ذکر ہے کہ آوارہ کتوں کی سب سے زیادہ تعداد سرینگر میں ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں آوارہ کتوں کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس سے شہریوں کو ہر وقت کاٹنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔