سرینگر (جموں و کشمیر): اسپیشل ڈی جی، سی آئی ڈی اور 1991 بیچ کے سینئر آئی پی ایس افسر رشمی رنجن سوین (R R Swain) جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کا نیا عہدہ سنبھالنے جا رہے ہیں۔ طویل مدت تک جموں و کشمیر پولیس سربراہ کے عہدہ پر فائز رہنے والے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ 31 اکتوبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں اور ان کی جگہ سوین لیں گے۔ انتظامیہ نے فی الوقت آر آر سوین کو انچارج ڈی جی تعینات کیا ہے اور اس حوالہ سے باضابطہ طور ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔ آر آر سوین جموں اور سرینگر میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’سوین کا (جے اینڈ کے کی قیادت کا) خواب جلد ہی شرمندہ تعبیر ہوگا۔‘‘ منسٹری آف ہوم افیئرس، حکومت ہند، کی جانب سے جاری کیے گئے ایک حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’متعلقہ اتھارٹی کی منظوری کے بعد (AGMUTسنہ 1991بیچ کے) آئی پی ایس آفیسر، آر آر سوین، جو اس وقت اسپیشل ڈی جی، سی آئی ڈی عہدے پر فائز ہے، یکم نومبر 2023سے جموں و کشمیر ڈی جی کا اضافہ عہدہ بھی سنبھالیں گے۔‘‘
یاد رہے کہ سنہ 2003 سے 2004 تک سوین سرینگر کے ایس ایس پی رہ چکے ہیں، وہ کچھ عرصہ ایس ایس پی جموں کے عہدے پر بھی فائز تھے۔ وہ ایس ایس پی لیہہ، پونچھ اور رام بن کے عہدے بھی سنبھال چکے ہے۔ اپنی دیانتداری اور عزم کے لیے پہچانے جانے والے جموں و کشمیر سی آئی ڈی کے سربراہ، آر آر سوین، اس سے قبل 2004 سے 2006 تک جموں و کشمیر ویجیلنس ایجنسی میں اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: Special DG RR Swain جموں وکشمیر پولیس لوگوں کے دل و دماغ سے ڈر کم کرنے کیلئے کوشاں، اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی
اس کے بعد، سوین مرکزی ڈیپوٹیشن پر چلے گئے، جہاں وہ متعدد عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مخصوص ڈومینز میں اپنی مہارت کی وجہ سے غیر معمولی افسران کے لیے بیرون ممالک میں بنی ان کی پوسٹنگ کی گئی تھی۔ جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے مرکز سے ان کی خدمات کے لئے درخواست کے بعد سوین کو جون 2020 میں جموں و کشمیر واپس بھیج دیا گیا۔ انہوں نے 15 جون کو بی سری نواس کی جگہ جموں و کشمیر کے سی آئی ڈی چیف کا عہدہ سنبھالا، بی سری نواس 1990 بیچ کے جے اینڈ کے کیڈر کے ایک آئی پی ایس افسر تھے۔ سری نواس اب ڈی جی پی کے طور پر پانڈیچری میں تعینات ہے۔