جموں و کشمیر میں نئے سات اسمبلی حلقوں کے قیام کے متعلق سابق جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں حدبندی کمیشن جولائی 6 تا 9 تاریخ کو یونیئن ٹریٹری کا دورہ کر رہا ہے۔ کمیشن دورے کے دوران جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں اور متعلقہ افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گا۔
کمیشن کی چیئرمین رنجنا دیسائی، چیف الیکشن کمشنر سشیل چندر، اسٹیٹ الیکشن کمشنر جموں و کشمیر یونیئن ٹریٹری کے کے شرما اس دورے کے دوران ان نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے- واضح رہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کے تحت یو ٹی میں سات مزید اسمبلی حلقوں کے قیام کے لیے حدبندی کمیشن قائم کیا ہے- اس دورے سے قبل کمیشن نے چند میٹنگس کی تھی لیکن اس میں جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے شرکت نہیں کی تھی-
کمیشن میں نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے چھ پارلیمانی ممبران بھی ایسوشی ایٹ ممبرز ہیں- تاہم 24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نیشنل کانفرنس نے آل پارٹیز میٹنگ میں شرکت سے قبل ہی کمیشن کا حصہ بننے کے لیے رضامندی دکھائی ہے۔ وہیں کانگریس نے بھی کمیشن کی میٹنگ میں شرکت کرنے کے لیے تیاریاں شروع کی ہیں- اگرچہ سنہ 2002 میں فاروق عبداللہ کی حکومت نے حد بندی پر سنہ 2026 تک پابندی عائد کردی تھی تاہم تنظیم نو قانون کے اطلاق کے بعد مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں نئے اسمبلی حلقوں کے قیام کے لیے حد بندی کمیشن تشکیل دے کر یونیئن ٹریٹری میں مزید سات سیٹس کا اضافہ کرنے کا حکم جاری کیا-
سابق ریاست جموں و کشمیر میں اسمبلی حلقوں کی تعداد 111 تھی جن میں 87 پر ہی انتخابات منعقد ہوتے تھے کیونکہ 24 سیٹوں کو پاکستان کے زیر انتطام کشمیر کی آبادی کے لیے خالی رکھا جاتا ہے۔
- یہ بھی پڑھیے:
بندوق سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا: محبوبہ مفتی
جموں و کشمیر میں سنہ 1994 میں آخری حد بندی ہوئی تھی جس میں اسمبلی حلقوں کی تعداد 76 سے 87 بڑھا دی گئی- جموں صوبے میں پانچ سیٹوں کا اضافہ ہوا جس سے اس صوبے میں حلقوں کی تعداد 32 سے 37 ہوئی جبکہ وادی میں چار سیٹوں کے اضافے سے سیٹوں کی تعداد 42 سے 46 تک پہنچ گئی۔
حالیہ ہونے والی حد بندی میں سات مزید سیٹوں کو تشکیل دینے کا منصوبہ ہے جس سے جموں وکشمیر میں سیٹوں کی کل تعداد 90 تک پہنچ جائے گی- حدبندی قوانین کے مطابق مردم شماری کے تناسب سے نئے حلقوں کا قیام عمل میں لانا ہے لیکن بے جے پی کے ممبران نے آبادی کے علاوہ جغرافیہ کو بھی اس میں شامل کرنے کی مانگ کی ہے۔
واضح رہے کہ 24 جون کو وزیر اعظم نے کل جماعتی اجلاس کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں حدبندی کو حتمی شکل دے کر وہاں اسمبلی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔