ان کے دفتر سے جاری کیے گئے حکمنامے کے مطابق "سرینگر کے تمام ضلع اور سینٹرل افسران کو ایک بات واضح کر دی گئی ہے کہ وہ یقین دہانی کرائے کہ ان کے محکموں میں کام کرنے والے تمام افسران نے اپنے موبائل فونوں پر آروگیہ سیتو موبائل اپلیکیشن کو ڈاؤن لوڈ کیا ہے اور اس کے بعد اپنا اندراج بھی کروایا ہے۔"
جب اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت نے ڈاکٹر چوہدری سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ "یہ حکمنامہ صرف سرینگر میں جاری نہیں کیے گئے بلکہ ملک کے تمام اضلاع میں ایسے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ یہ اس لیے کیا جارہا ہے کیونکہ مرکزی حکومت اور ریاستی انتظامیہ سرکاری ملازمین کی صحت کے تعلق سے فکر مند ہے۔ آروگیہ سیتو موبائل اپلیکیشن کا استعمال کرنا اس لئے لازمی ہے کیونکہ یہ موبائل ایپلیکیشن آپ کو وقت رہتے کورونا وائرس سے متاثر جو آپ کے آس پاس ہو اس کے بارے میں آگاہ کر دیتا ہے۔
واضح رہے کہ آروگیہ سیتو موبائل اپلیکیشن حال ہی میں عوام کی تنقید کا نشانہ بنا تھا کیونکہ لوگوں کو یقین تھا کہ اس اپلیکیشن سے ان کی پرائیویسی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ جس کے بعد کافی ملازمین نے آرگیہ سیتو ایپلیکیشن کے استعمال سے پرہیز کیا تھا۔