یہ ایشیاء کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن ہے۔ جی ہاں، یہ کشمیر میں ہی ہے۔ سری نگر کے اس باغ میں ہر سال موسم بہار کی آمد پر تقریباً پندرہ لاکھ ٹیولپس کھلتے ہیں۔ یقیناً آپ کو سن کر بے حد خوشی ہوگی کہ سرینگر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے معذور افراد کو شہر کے ٹیولپ گارڈن کی سیر کرائی ہے۔
جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے معذور افراد کو شہر کے ٹیولپ گارڈن میں سیر کرائی۔ سی آر پی ایف کے انچارج سب انسپکٹر مہیشوری کا کہنا تھا کہ 'تقریبا 25 افراد کو سیر کے لیے ٹیولپ گارڈن لایا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ رضاکار بھی ہیں'۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'یہ افراد اکثر اپنے گھروں میں ہی محدود رہتے ہیں۔ یہ ہماری کوشش ہے کہ وہ عام لوگوں سے مل سکیں'۔
وہیں ٹیولپ گارڈن میں آئے معذور افراد نے بھی سی آر پی ایف کی اس پہل پر خوشی کا اظہار کیا۔
ٹیولپ گارڈن تقریباً 6 سو کنال اراضی پر محیط ہے اور 15 لاکھ سے زیادہ ٹیولپ پودے یہاں لگائے گئے ہیں۔ یہ پودے سویٹزر لینڈ، ہالینڈ اور دیگر بیرون ممالک سے منگائے گئے ہیں۔ ٹیولپ فیسٹول کے دوران مقامی اور بیرون سیاحوں کی دل جوئی کے لئے موسیقی اور دیگر کلچرل پروگرامز بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔