سرینگر: جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں پولیس نے ایک نوجوان - زبیر احمد بٹ - کو گرفتار کیا جس نے شہر میں ہی ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر خاص کے راجوری کدل علاقے کے رہائشی زبیر احمد بٹ نے اسی علاقے میں رہائش پذیر ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس پر ایف آر نمبر 27/2023 کے تحت 307، 323 اور 341 مقدمات درج کر دئے ہیں۔ زخمی کئے گئے نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی گھر کے نزدیک ایک پبلک پارک میں بیٹھے دوستوں کا انتظار کر رہا تھا کہ اچانک ایک نوجوان (ملزم) پارک میں آیا اور اس پر اچانک چاقو سے حملے کرکے اسے زخمی کر دیا۔
زخمی ہوئے نوجوان نے بتایا کہ وہ حملہ آور کو اس سے قبل نہیں جانتا تھا اور نہ ہی اس کے ساتھ اس کا کوئی لین دین یا معاملہ ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔ البتہ زخمی ہوئے نوجوان کہ حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور اس علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کرکے قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شہر میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل دو مئی کو شہر کے کاک سرائے علاقے میں ایک خاتون - آصفہ بشیر- نے اپنے ہی خاوند کو چھرا گھونپ کر زخمی کیا تھا۔ آصفہ بشیر نامی جوان سالہ خاتون کی جانب سے شوہر عادل احمد کو چھری سے زخمی کرنے کے بعد پولیس نے ملزمہ پر مقدمات درج کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی۔
مزید پڑھیں: Batamaloo Stabbing Case بٹہ مالو قتل معاملہ میں چوبیس گھنٹوں کے اندر ہی مرکزی ملزم گرفتار، پولیس
گزشتہ ماہ شہر کے بٹہ مالو علاقے میں ایک نابالغ لڑکے نے 45 برس کے شہری اعجاز احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ کو چھری سے حملہ کرکے ہلاک کیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ دلدوز واقع بٹہ مالو کے ٹنگ پورہ علاقے میں پیش آیا تھا۔ قابل غور ہے کہ وادی میں گزشتہ برس سے اس طرح کے کچھ واقعات پیش آئے ہیں جن میں عموماً نوجوان ہی ملوث پائے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان جوش میں آکر اس طرح کی واردات انجام دیتے ہیں کیونکہ انکو ایسے معاملات کا خمیازہ بھگتنے کا اندازہ نہیں ہوتا ہے۔