اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے فضائی ڈرون کا استعمال کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
وہیں انسپکٹر جنرل پولیس نے لوگوں کو کورونا وائرس پھیلانے پر قابو پانے کے حکومتی اقدامات کے تحت پیر کے روز گھر کے اندر رہنے کی اپیل کی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس وجئے کمار نے کہا کہ چونکہ انتظامیہ نے پہلے ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ باہر نہ آئیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس لوگوں کی نقل و حرکت پر تھرمل صلاحیت پر مبنی ڈرون کے ذریعے بھی نگاہ رکھے گی۔
دریں اثناء جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں کی طرف سے جگہ جگہ پر لائوڈ اسپیکرز کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی جارہی تھی کہ وہ اپنے گھروں تک ہی محدود رہے۔
واضح رہے کہ مرکزی علاقہ جموں و کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے چار مثبت کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 3 خطہ جموں میں اور ایک کیس کشمیر میں سامنے آیا ہے۔ وہیں لداخ یونین ٹریٹری زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کورونا وائرس کے 13 مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔
دونوں یونین ٹریٹریز میں انتظامیہ نے اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اب تک درجنوں احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں۔